ٹریفک حادثات ،کرنٹ،گولی لگنے سے 4جاں بحق،13زخمی

ٹریفک حادثات ،کرنٹ،گولی لگنے سے 4جاں بحق،13زخمی

محراب پور،میرپورخاص (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف ٹریفک حادثات ،کرنٹ اور گولی لگنے سے 4افراد جاں بحق ،13 زخمی ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق محراب پور میں قومی شاہراہ پر سدوجا اسٹاپ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار رضا محمد کھوسو اور اللہ ودھایو چانڈیو جاں بحق ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد گاؤں ماسٹر مولا بخش کے رہائشی اور کیلے کے تاجر تھے ۔ کار ڈرائیور فرار ہوگیا۔ درس پولیس تھانے کی حدود میں گاؤں ٹپال ماچھی کے قریب لگژری گاڑی موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے دیوار سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں ایس ڈی او محکمہ آبپاشی (انہار)سکھر ڈویژن کا ڈرائیور ملک اصغر شدید زخمی ہو گیا۔میرپورخاص سے کھپرو جانے والے روڈ پر تیز رفتار مسافر بس نے چنگچی رکشہ کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ڈھارو مل بھیل موقع پر ہلاک ، جبکہ سات افراد شمجو، ساجن ، پٹھانی، تلسی، مہیش و دیگر زخمی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق ایک خاتون اور 2 بچوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ پولیس نے حادثے کا شکار مسافر بس اور چنگچی رکشہ تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کردی۔ بھریاسٹی کے نواحی گاؤں دریاخان جلبانی میں پستول صاف کرتے ہوئے اتفاقی گولی چلنے سے ہمایوں جلبانی اور دلیپ شدید زخمی ہو گئے ۔نوشہرو فیروز پولیس کے مطابق چنہ شادی ہال میں بجلی کے تار درست کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے محمد قاسم ہالیپوٹو نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ میں 3 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ، جنہیں سول اسپتال نوشہرو فیروز منتقل کر دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں