ٹنڈو محمد خان :مین ہول کی صفائی کرتے 3خاکروب چل بسے

 ٹنڈو محمد خان :مین ہول کی صفائی کرتے 3خاکروب چل بسے

ٹنڈو محمدخان(نمائندہ دنیا )سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران 3 خاکروب زندگی کی بازی ہار گئے ۔ اطلاعات کے مطابق ٹنڈو محمد خان میں ممکنہ برسات کے پیشے نظر شہر بھر کے نالوں کی صفائی کے دوران میونسپل کمیٹی کے تین خاکروب جان کی بازی ہار گئے ۔

 تینوں  خاکروب  معمول کے مطابق کام سرانجام دینے میں مصروف تھے کہ اس دوران ایک  خاکروب مین ہول میں صفائی کے لئے داخل ہوا اور واپس نہیں آیا جس کو بچانے کے لئے دوسرا اور پھر تیسرا  خاکروب گٹر میں داخل ہوا لیکن کافی دیر تینوں کے واپس نہ آنے پر شور مچ گیا اور مکینوں نے بھر پور جدوجہد کے بعد تینوں  خاکروبوں کو گٹر سے باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا لیکن ڈاکٹروں نے تینوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ جاں بحق سینٹری ورکرز کی شناخت یونس ،چمن اور یونس ہدایت کے ناموں سے ہوئی ۔ ورثا کی جانب تینوں کی لاشیں سجاول چوک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دے کر سٹرک بلاک کردی جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ بعدازں میونسپل چیئرمین سید شاہ نواز شاہ نے دھرنے میں پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کئے اور جاں بحق سینٹری ورکرز کے ورثا کو فی کس تین تین لاکھ روپے اور نوکریاں دینے کا اعلان کیا جس کے بعد ورثا نے اپنا احتجاج ختم کردیاگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں