صحافی کالونی اسکیم 42کے الاٹیز میں سائٹ پلان تقسیم

صحافی کالونی اسکیم 42کے الاٹیز میں سائٹ پلان تقسیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام صحافی کالونی ہاکس بے بلاک 68 ، ایل ڈی اے اسکیم 42 کے الاٹیز میں سائٹ پلان تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 تقریب میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ، سیکریٹری شعیب احمد ، ڈی جی ایل ڈی اے صفدر علی بگھیو ، سیکریٹری ایل ڈی اے سید شبیہ الحسن ، سیکریٹری پلاٹ کمیٹی شمس کیریو ، ڈائریکٹر لینڈ ایل ڈی اے ذیشان احمد موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی سید صفدر علی بگھیو نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صحافی کالونیوں کی آباد کاری کے لئے ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو جلد از جلد ممکن بنائیں تاکہ یہ کالونیاں آباد ہوسکیں ، ہم وزیر بلدیات سے رابطے میں ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ صحافی کالونی کی تمام ترقیاتی اسکیموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرلیا جائے ، انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے نئے اراکین کے لئے 400 گز کے 700 پلاٹس کی فراہمی کے لئے ایل ڈی اے کی جانب سے گزشتہ سال 125 ایکڑ زمین کی نشاندہی کی گئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ کراچی پریس کلب کو اپنے نئے اراکین کے لئے 700 پلاٹس جلد فراہم کردئیے جائیں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی موجودہ قیادت بھرپور تیاری اور مستقل مزاجی کے ساتھ پلاٹس کے معاملات کو اچھے انداز سے لیکر چل رہی ہے ۔ سعید سربازی اور شعیب احمد نے ڈی جی ایل ڈی اے اور سیکریٹری کو صحافی کالونی کے معاملات میں مکمل تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں