گرمی کے پیش نظر آئندہ امتحانات مارچ میں ہونگے ، علی ملکانی

 گرمی کے پیش نظر آئندہ امتحانات مارچ میں ہونگے ، علی ملکانی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ سندھ کے وزیر تعلیم کو آن بورڈ لے لیا ہے ، آئندہ برس سے پورے سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مارچ سے بتدریج شروع ہو جائینگے ۔۔

ہم پورے ملک کے ساتھ بیک وقت امتحانات لینگے ۔انٹر بورڈ کراچی میں اسٹوڈنٹ فیسیلی ٹیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر یونیورسٹیز سے پوچھا گیا کہ بدترین گرمی میں امتحانات کیوں کروائے جاتے ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیر تعلیم سے بات کر کے آئے ہیں اور آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔سندھ کی جامعات میں وائس چانسلر کی تقرری میں تاخیر پر کیے گئے سوال پر وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے بتایا کہ کراچی کی لاء یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تقرری کا معیار اب تبدیل کر رہے ہیں اور سفارش کی گئی ہے کہ وائس چانسلر کیلئے عمر کی حد 62 سے بڑھا کر 65 برس کر دی جائے کیونکہ 62 برس کی حد کے تحت جنہوں نے انٹرویو دیے ان میں سے کوئی انٹرویو پاس نہیں کر سکا جس کے بعد یہ اصولی فیصلہ ہوا ہے ۔علاوہ ازیں علی ملکانی کا کہنا تھا کہ ہم پورے سندھ میں ٹیکنالوجی بیس اسسمنٹ پر جائیں گے اور اسسمنٹ میں انسانی ہاتھ کا دخل کم سے کم کر رہے ہیں۔ 2025 کے امتحان میں ہم ای مارکنگ کی جانب جائیں گے ۔اس موقع پر چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ ذوالفقار شاہ اور ایک مارکنگ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان سومرو نے ای مارکنگ پروجیکٹ کے حوالے سے وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ کو تفصیلی بریفنگ دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں