گھوٹکی :جعلی عامل کا لڑکی پر تشدد،موت کے گھاٹ اتار دیا

گھوٹکی، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) گھوٹکی میں جعلی عامل نے جن نکالنے کے بہانے لڑکی پر تشدد کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
اطلاعات کے مطابق ڈہرکی کے مسوان محلے کی رہائشی 16 سالہ ریکھا میگھواڑ کو طبیعت خراب ہونے پر اہلخانہ علاج کے لئے جعلی عامل انیل کے پاس لے گئے ، حافظ آباد کالونی کے رہائشی جعلی عامل انیل میگھواڑ نے جن بھوت نکالنے کے چکر میں لڑکی کو تشدد کانشانہ بنایا جس کے باعث وہ چل بسی۔ورثاء نے واقعے کی اطلاع گزشتہ روز تھانہ ڈہرکی کو دی جس پر ڈہرکی پولیس نے فوری طورپر بچی ریکھا کے چچا ہری لعل کی مدعیت میں ابتدائی رپورٹ درج کر کے ملزم کے گھر پر چھاپہ مار کر اس کے بھائی سنیل میگھواڑ کو گرفتار کیا،بعدازاں ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیر نور چنہ کے حکم پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے جعلی عامل انیل کو نیشنل ہائی وے سے گرفتار کر لیاگیا۔ نوڈیرو کے قریب بہمن پلاٹ کے مقام پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار کڈنی کا مریض منٹھار انڑ دم توڑ گیا جب کہ نوڈیرو کے سکھر لاڑکانہ اولڈ بائی پاس کے مقام پر کوری برادری کے دو فریقین کے درمیان رات کے وقت گھر کی چھت پر چڑھنے کے معاملے پر تصادم ہوگیا، دوران تصادم ڈنڈوں اور لاٹھیوں کے آزادانہ استعمال سے عورت سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں شمن علی کوری، ممتاز کوری،امتیاز کوری، رابیل، گلشن، ساجد، سلمان، اہلیہ ممتاز علی، دلنواز کوری شامل ہیں۔