گلشن حدید میں پانی کا بحران،ایکشن کمیٹی قائم کردی گئی

گلشن حدید میں پانی کا بحران،ایکشن کمیٹی قائم کردی گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) گلشن حدید فیزون اور ٹو ایکسٹینشن میں پانی کا بحران پیدا کرنے کے لئے الاٹیز کے کنکشن کاٹنے والا معاملہ شدت اختیار کر گیا، گلشن حدید ایکسٹینشن کے رہائشی افراد نے ایکشن کمیٹی قائم کرلی۔

غلام شبیر بھٹی کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے ممبران میں نثار شر، مرتضیٰ چانڈیو، خادم حسین کاندہڑو، کرم خان راجپر، مصطفیٰ عباسی، جمیل چانڈیو، نیاز حسین راجپر اور نذیر شامل ہیں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تشکیل شدہ کمیٹی پاکستان اسٹیل مل انتظامیہ سے بات چیت کرے گی، پانی میں اضافہ کے سلسلے میں حکام سے بھی بات چیت کی جائے گی جس میں الاٹیز کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کمیٹی کارروائی کرے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی گلشن حدید کے عوام کو بنیادی سہولتیں نہیں دے سکی، الاٹیز کی جانب سے طویل جدوجہد بعدحاصل کی گئی بنیادی سہولیات میں کسی کوبھی مداخلت نہیں کرنے دی جائے گی اور اس سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت کو یوسی 4 گلشن حدید کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عوام دشمن فیصلے اور مل انتظامیہ کے ساتھ ملی بھگت کر کے پانی کے کنکشن کٹوانے کے خلاف خط لکھا جائے گا ۔ الاٹیز کی جانب سے یوسی چیئرمین راؤ صفدر حیات اور وائس چیئرمین میر عباس ٹالپور کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے گا، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایکسٹینشن میں پانی کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو مکین احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔ دوسری جانب مل انتظامیہ الاٹیز اور علاقے کے ایم پی اے محمد ساجد جوکھیو سے بھی رابطہ کرکے آج 12 بجے گلشن حدید ایکسٹینشن والے مسئلے پر اعلیٰ سطحی میٹنگ رکھی گئی ہے جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں