غیر قانونی اور غیر محفوظ 55 اشتہاری بورڈز کی نشاندہی ، کارروائی کیلئے فہرست ڈپٹی کمشنرز کو فراہم

غیر  قانونی  اور غیر  محفوظ  55 اشتہاری بورڈز  کی  نشاندہی  ،  کارروائی  کیلئے  فہرست  ڈپٹی  کمشنرز  کو فراہم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی انتظامیہ نے شہر میں غیرقانونی و غیر محفوظ بل بورڈز ہٹانے کی کارروائی فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے شہر میں نصب فوری کارروائی کرکے ہٹانے کیلئے غیر محفوظ اور غیر قانونی بل بورڈز کی نشاندہی کر لی گئی اور کارروائی کے لیے ان کی فہرست ڈپٹی کمشنرز کو دیدی گئی ہے ۔

کمشنرکراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت ان کے دفتر میں یہ فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز ترجیحی اقدامات کے ذریعے ایس بی سی اے ٹاؤن ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کارروائی کریں گے ۔اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز کمشنر کراچی رابعہ سید نے اجلاس میں شہر میں غیر محفوظ اور غیر قانونی بل بورڈز کے سروے کی رپورٹ پیش کی ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ ترجیحی اقدامات کر کے فوری کارروائی کریں۔ضلع جنوبی اور شرقی میں فوری اقدامات کے تحت ہٹانے کے مطلوب 20-20بل بورڈز شناخت کیے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر وسطی میں 9، کورنگی میں6بل بورڈز فوری اقدامات کے ذریعے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنرز کو فوری کارروائی کے لیے مطلوب بل بورڈز کی فہرست فراہم کی گئی ڈپٹی کمشنرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں بل بورڈز ہٹانے کے لئے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دیں گے اور فوری طور پر کارروائی شروع کردیں گے ۔ قائم خصوصی ٹیم میں سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی اور ٹاون ایڈمنسٹریشن سمیت متعلقہ اداروں کے افسران شامل ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں