جامعہ اردو سے متصل نالے میں چوکنگ پروزیربلدیات برہم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے بعد نکاسی آب کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
200 سے 300 ملی میٹر اگر بارش ایک ساتھ برس جائے تو پھر کچھ مشکلات ہوسکتی ہیں تاہم ہماری تمام انتظامیہ ہر ممکن طریقے سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار ہے ۔ ملیر ایکسپریس وے کے باعث شاہ فیصل اور ماڈل ٹاؤن میں بارش کے پانی کی نکاسی میں درپیش مشکلات کے فوری حل کے لئے متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ کورنگی ٹاؤن میں نالے کو اوپر کرنے کے لئے بھی ہدایات دے دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز 5 گھنٹے سے بھی زائد کے ڈسٹرکٹ ایسٹ اور کورنگی کے دورے کے دوران کیا۔ سعید غنی نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے 3 اور ڈسٹرکٹ کورنگی کے 3 ٹاؤنز کا دورہ کیا اور وہاں بارش کے بعد نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اردویونیورسٹی سے متصل نالے کا معائنہ کیا اور وہاں ایک جگہ پر چوکنگ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو چوکنگ پوائنٹ کھولنے اور صفائی کے احکامات دئیے ۔ صوبائی وزیر نے وہاں جاری ریڈ لائن کے کام کرنے والے سپروائزر اور دیگر افسران کو بھی ہدایات جاری کیں کہ عوام کو کسی قسم کہ تکلیف نہ ہو۔