سڑک عبور کرنے کے تنازعے پر جھگڑا،ایک شخص قتل
لاڑکانہ،اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا)کشمور کندھ کوٹ ضلع کی تحصیل تنگوانی کے قریب غوثپور میں میرانی اور اوگاہی برادری کے دو گروپوں میں سڑک عبور کرنے کے تنازعے پر جھگڑا ہوگیا ۔۔۔
جس میں ڈنڈے لگنے سے 45 سالہ وزیر علی اوگاہی شدید زخمی ہوگیا جس کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔ ٹنڈوآدم بی سیکشن تھانے کی حدود میں گائوں شھبیگ مری کے قریب تیز رفتار ٹرک اور مویشی کے بیوپاریوں سے بھرے ڈاٹسن میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں تعلقہ سانگھڑ کا رہائشی 27 سالہ امیر بخش ولد خادم جتوئی موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ 9 افراد عبدالنبی جتوئی، زاہد علی خاصخیلی، عبدالقادر جتوئی، فیض محمد جتوئی، رحمت اللہ لغاری، غلام حسین جتوئی، سیفل جتوئی، علی انور مری اور منیر مری شدید زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو تعلقہ اسپتال اور سلیمان روشن میڈیکل اسپتال پہنچایا گیا ۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے حادثے میں 10 بکریاں اور بھیڑیں بھی مر گئی ہیں۔ محراب پور تھانہ کی حدود میں روہڑی کینال کے گوٹری کبیر ریگولیٹر کے پاس سے مزید ایک لاش برآمد ہوئی ۔لاش کی شناخت آزاد عرف مجاہد انصاری کے نام سے ہوئی جس نے تین روز قبل روہڑی کینال میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی تھی جب کہ محراب پور میں ہی رکشہ کی زد میں آکر 5سالہ بچہ عبدالباسط جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بچہ رکشے میں چڑھ رہاتھا کہ گر کر اسکی زد میں آگیا۔