قیمتیں چیک نہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنرز تحریری وضاحت طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت نا جائز منافع خوری کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔اور اپنے اپنے ضلع میں کارروائی کی تفصیلات پیش کیں۔ اسسٹٹ کمشنر پیڈ کوارٹرز کمشنر آفس رابعہ سید نے مانیٹرنگ کے لئے خصوصی بنایا گیا ڈیجیٹل ڈیٹا بورڈ پر موجود تفصیلات کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے قیمتیں چیک کرنے کے مقامات اورخلاف ورزی پر کارروائی کی تفصیلات کی بتائیں۔ ویڈیو لنک پر موجود تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے خود اپنی کارروائیوں کی تفصیلات سے کمشنر کو آگاہ کیا۔ کمشنر نے سرکاری قیمتوں کے نفاذ کی کوششوں پر مختلف اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا ۔ مہم میں مختلف علاقوں میں قیمتیں چیک نہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد اور اسسٹنٹ کمشنر ائر پورٹ سے وضاحت طلب کی گئی، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ تحریری وضاحت کریں۔ کمشنر نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کے خلاف مہم کو موثر بنانے کے لئے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز ہر روز کارروائی کر یں گے ،جو کارروائی نہیں کریں گے انہیں اس لئے وضاحت دینی ہوگی ۔اجلاس کو 4 اگست سے 10 اگست کے دوران نا جائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی تفصیل بتائی گئی جس کے مطابق تمام اضلاع میں مجموعی طور پر 15 لاکھ 22 ہزار 597 روپے جرمانہ عائد کیاگیا ۔ ضلع جنوبی میں 121 منافع خوروں کے خلاف 5 لاکھ 63 ہزار 500 جرمانہ عائد کیا گیا۔ ضلع شرقی میں 82 دکانداروں پر سرکاری نرخ کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ سے زائد، ضلع غربی میں 38 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں 32 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔2 ضلع وسطی میں 125 دکانداروں پر 3 لاکھ 51 ہزار سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ۔ضلع ملیر میں 90 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں 32 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کورنگی میں 52 دکانداروں پر1 لاکھ 19 ہزار جبکہ کیماڑی میں 68 دکانداروں پر 2 لاکھ 24 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔