بلدیہ عظمیٰ کے انتظامی اخراجات میں کمی لانا ترجیح ،میئر
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے انتظامی اخراجات میں کمی لانا اور ضروری کاموں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے جس کیلئے کے ایم سی کی سروسز گاڑیوں کو ایندھن کی فراہمی کا عمل بہتر بنایا گیا ہے ۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یہ بات بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سروسز گاڑیوں کو مخصوص پٹرول پمپ کے بجائے پی ایس او فلیٹ کارڈ سسٹم کے ذریعے ڈیزل اور پٹرول کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ میئر کراچی نے کہا کہ اس اقدام کے نتیجے میں جولائی 2024 ء میں ایک مہینے کے اندر 15 ہزار 710 لٹر ڈیزل و پٹرول کی بچت ہوئی جس کی مجموعی مالیت 37 لاکھ 61 ہزار 970 روپے بنتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کی سروسز گاڑیوں کو ایندھن کی فراہمی کا عمل جولائی 2024ء سے ڈیجیٹلائزڈ پی ایس او فلیٹ کارڈ سسٹم پر منتقل کیا جاچکا ہے ، بلدیہ عظمیٰ نے اس طرح نہ صرف شفاف طریقہ اختیار کرکے اپنی گاڑیوں میں ایندھن کے استعمال کو ڈیجیٹلائزڈ کیا بلکہ اس کے ساتھ سفری دورانیے اور دیگر معاملات میں بھی قابل ذکر بہتری آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر فائربریگیڈ کی گاڑیوں اور دیگر شہری خدمات پر مامور کے ایم سی کی گاڑیوں کو اس طریقے کے تحت فیول کے حصول میں آسانی اور سہولت حاصل ہوئی ہے جس کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔