دباؤ قبول نہیں،بس ٹرمینلزمنتقل ہوں گے ،شرجیل میمن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں نئے ٹرمینل تک مفت شٹل سروس کی فراہمی کے باوجود کچھ بس آپریٹرز نے جھوٹے اور من گھڑت بنیادوں پر مقدمات درج کرائے ہیں۔۔۔
بعض آپریٹرز قانونی اقدامات کے خلاف مزاحمت کرنے یا ذاتی مفادات کے لیے پبلک آفس ہولڈرز پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ٹرمینلز کی منتقلی ہر حال میں یقینی بنائی جا رہی ہے ، دباؤ آرہا ہے لیکن ہم ہر صورت کام جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی شہر سے باہر ٹرمینلز کی منتقلی کا مقصد شہر کی سڑکوں سے غیر قانونی بس اڈوں کا خاتمہ ہے ، محکمہ ٹرانسپورٹ قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور عدالتی احکامات کی تعمیل کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ شہر کی حدود سے باہر بس ٹرمینلز کا قیام عدالتی احکامات کے مطابق ہے ، تمام اسٹیک ہولڈرز قانون کا احترام اور تعاون کریں، حکومت سندھ ٹرانسپورٹرز کو درپیش چیلنجز سے واقف ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ شہریوں کی تکالیف کا خاتمہ ہو اور ٹرانسپورٹرز کا کاروبار بھی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔