سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں پلاسٹک ریکوری بینک کا آغاز

سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں پلاسٹک ریکوری بینک کا آغاز

کراچی(سٹی ڈیسک)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے ورلڈ وائیڈ فنڈ فارنیچر (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے تعاون سے پلاسٹک ریکوری بینک (پی آر بی) کا آغاز کردیا ہے۔۔

جس کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کیا۔ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے پلاسٹک کے فضلے جیسے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالی اور نئے پلاسٹک کی پیداوار کو کم کرنے میں ری سائیکلنگ کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کے ریمارکس اس بات پر مرکوز تھے کہ کس طرح پی آر بی جیسے اقدامات عالمی ماحولیاتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آر بی پلاسٹک کے فضلے کے خلاف اجتماعی جنگ میں ایک اہم قدم آگے بڑھاتا ہے اور مستقبل کے پائیدار منصوبوں کے لیے ایک مثال قائم کرتا ہے ۔ ڈاکٹر صحرائی نے کہا کہ آج پوری دنیا کو ماحولیاتی تباہی کے ایک بڑے خطرے کا سامنا ہے ، اس لیے ہم سب نے مل کر دنیا کو ماحولیاتی طور پر پائیدار اور کسی بھی خطرے سے پاک بنانے کے لیے کام کرنا ہے ۔سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے شعبہ ماحولیاتی سائنسز کی چیئرپرسن ڈاکٹر حنا شہناز نے کہا کہ پی آربی نہ صرف مالیاتی انعامات فراہم کرتا ہے بلکہ ماحولیاتی ذمہ داری کے مضبوط کلچر کو بھی فروغ دیتا ہے ۔اس موقع پر نصیر سراج تیلی اور آغا محمد خان نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں