چین کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے تیزترین ترقی یقینی،گورنر

چین کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے تیزترین ترقی یقینی،گورنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ چین کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر کے تیز ترین ترقی یقینی ہے ۔۔

اس ضمن میں چین کا تعاون قابل تحسین ہے ۔ چین کے اشتراک سے جاری تمام منصوبوں کی تکمیل سے عصر حاضر کی جدت سے ہم آہنگ ترقی خطہ کی خوشحالی کے لئے اہم ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کے موقع پر کیا۔ گورنر سندھ جب تقریب میں پہنچے تو چین کے قونصل جنرل سمیت سفارتی عملہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر کیک بھی کاٹا۔ انہوں نے کہا کہ مل کر جشن منانا دو طرفہ پائیدار تعلقات کا واضح ثبوت ہے ۔ دریں اثناء عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کو بھرپور انداز میں منانے کے لئے گورنر ہاؤس سے متصل پریس کلب چوک پر پاک چین پرچم لہرا دیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں گورنر ہاؤس میں سادہ و پروقار تقریب میں کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ اور گورنرہاؤس کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط ہوئے ۔ گورنر کامران ٹیسوری اور کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ کے زوہیر نصیر نے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے ۔ معاہدہ کے تحت گورنر سندھ کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ کے چیف پیٹرن اور کراچی نائٹ ٹیم کے پیٹرن ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں