الخدمت بنو قابل پروگرام نوجوانوں کیلئے اُمید بن چکا ،منعم ظفر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ مفت آئی ٹی کورسز کاالخدمت بنو قابل پروگرام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان میں نوجوانوں کو مایوسی سے نکالنے کیلئے اُمید بن چکا ہے ۔۔
کراچی میں اب تک 55کیمپس قائم کرچکے ہیں جہاں سے ہزاروں نوجوان مختلف کورسز کرکے اپنے پاؤں پر کھڑے ہورہے ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو مایوس ہوکر ملک چھوڑنے کی ضرورت نہیں بلکہ سیکھنے ، قابل و با صلاحیت بننے اورمعاشی استحکام کیلئے زرمبادلہ کمانے کی ضرورت ہے ۔ آئی ٹی میدان میں پاکستان بہت پیچھے ہے اور ہماری حکومتوں کو ملک کے مستقبل کی کوئی پرواہ نہیں،حکمران ملک وقوم کے نام پر قرضے لے کر لوٹنے میں لگے ہیں اور ملک معاشی بحران کا شکار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت فری آئی ٹی کورسزکے لئے آئی آئی چندریگر روڈ ریلوے گراؤنڈ میں بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور، صدر کراچی چیمبرجاوید بلوانی،سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز،قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ ریلوے گراؤنڈ میں 10ہزار طلبہ و طالبات سے تحریری ٹیسٹ لیا گیا۔منعم ظفر نے مزید کہا کہ پروگرام کے تین کامیاب بیچ مکمل ہونے کے بعد چوتھے بیچ کاآغاز کیا جارہا ہے اور کراچی کے ہر ڈسٹرکٹ میں ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا عمل جاری ہے ،الخدمت بنوقابل سے آئی ٹی کورسز کرنے والے اب ڈالرز میں کمانے لگے ہیں ،یہی نوجوان قابل بن کر ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے ۔