کوٹری :صنعتی علاقے میں رواں ہفتے انسداد تجاوزات آپریشن کااعلان
کوٹری (ڈسٹرکٹ ڈیسک)ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ غضنفر علی قادری نے کہاہے کہ انوائرمینٹل تھریٹس کے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں ،کمبائنڈ ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کوٹری کو تھرڈ پارٹی کے ذریعے چلانے کے لئے۔۔
جلد ہی ٹینڈرز جاری کر دیے جائیں گے ،کوٹری کے صنعتی علاقے میں تجاوزارت کے خاتمے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے آپریشن اسی ہفتے شروع کر دیا جائے گا اور اس سلسلے میں کوئی دبائو قبول نہیں کرینگے ، صنعتی علاقے میں نئی سڑکوں کی تعمیر شروع کر رہے ہیں جبکہ پرانی سڑکوں کے پیچ ورکس اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کاکام بھی تقریباً مکمل کیا جاچکا ہے ، خار دار جھاڑیوں کی صفائی، بیوٹیفکیشن اور صفائی ستھرائی کا کام صنعتکاروں کے اطمینان تک جاری رہے گا۔یہ بات انہوں نے جامشورو چیمبر آف کامرس میں کوٹری، حیدرآباد اور نوری آباد کے صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ غضنفرعلی قادری نے اس موقع پر صنعتکاروں کو اپنے ہر ممکن تعاون اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کوٹری سے ٹریٹمنٹ کے بعد نکلنے والے پانی کے سیمپل کے نمونوں کی رپورٹ اطمینان بخش ہے ۔ اس موقع پر کمشنر حیدرآبادبلال احمد میمن نے علاقے کے مسائل کے حل میں سائٹ لمیٹڈ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیااور یقین دہانی کروائی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں سائٹ لمیٹڈ اور صنعتکاروں کو ان کی جانب سے مکمل تعاون ملے گا ۔