واٹرکارپوریشن کی ماہانہ آمدنی میں 65فیصد اضافہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ماہانہ آمدنی میں 65 فیصد اضافہ ہوگیا ہے ، ماہانہ آمدنی 1.86 بلین سے تجاوز کرگئی ہے۔
جو واٹر کارپوریشن کی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ ہے ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کے عہدے سنبھالنے سے قبل ستمبر 2022 میں واٹر کارپوریشن کی ماہانہ آمدنی صرف 1 ارب 10 کروڑ روپے تھی جو اب ایک ارب 86 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے ترجمان نے کہا کہ واٹر کارپوریشن میں جدید اصلاحات اور تمام افسران و ملازمین کی بہتریں کارکردگی سمیت نئی انتظامیہ کی بھرپور کوششوں اور دن رات محنت و لگن اور ان کی بہترین حکمت عملی کے باعث دو سال کی قلیل مدت میں واٹر کارپوریشن کی ماہانہ آمدنی میں 76 کروڑ روپے ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے ریکارڈ آمدنی کرنے پر تمام افسران و ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی آمدنی بہتر ہونے کا فائدہ نہ صرف واٹر کارپوریشن کو ہوگا بلکہ آمدنی کے اضافے کا فائدہ ملازمین سمیت شہریوں کو بھی ہوگا کیونکہ ادارے کی آمدنی بہتر ہوگی تو شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے اور جاری تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں واٹر کارپوریشن کی آمدنی مزید بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے ۔