وحدت مسلمین کالاپتہ مسافروں کوبازیاب کرانے کا مطالبہ

وحدت مسلمین کالاپتہ مسافروں کوبازیاب کرانے کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر سانحہ پارا چنار پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ اور بروز جمعہ یوم احتجاج منایا گیا۔

کراچی میں بعدنماز جمعہ شہر کی مختلف جامع مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے وریلیاں نکالی گئیں جس سے ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ باقر عباس زیدی،علامہ صادق جعفری،علامہ مبشر حسن، مولانا علی انور، مولانا نشان حیدر، و دیگر علما ئے کرام و رہنما و ں نے خطاب کیا جبکہ جامع مسجد خوجا اثناء عشری کھارادر کے باہر احتجاجی مظاہرے سے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی نے اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاراچنارمیں یہ دہشت گردی کا پہلا واقعہ نہیں۔کرم ایجنسی میں گزشتہ کئی عرصے سے منظم شیعہ نسل کشی جاری ہے ۔ ملک میں اتنے بڑے سانحہ کے بعد حکمران،عدلیہ،سکیورٹی ادارے ،میڈیا بے حسی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔جامع مسجد نور ایمان احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت قومی سانحہ قرار دیکر ملکی سطح پر یوم سوگ کا اعلان کرے ،واقع میں لاپتہ ہونے والے مسافروں کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے ۔حملے میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فلفور گرفتار کیا جائے ۔جن علاقوں سے مسافر بسوں پر فائرنگ کی گئی ہے ان کوانتہائی حساس قرار دیکر فوری آپریشن کیا جائے ۔دریں اثناء جامع مسجد دربار حسینی ملیر،جامع مسجد ابوالفضل لانڈی،جامع مسجد جعفریہ نارتھ کراچی جامع مسجد حیدری اورنگی ٹاون سے ریلیاں نکالی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں