گورنر سندھ کی اومان،یواے ای کوسرمایہ کاری کی دعوت

گورنر سندھ کی اومان،یواے ای کوسرمایہ کاری کی دعوت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے اومان کے قونصل جنرل انجینئر سمیع عبداللہ الخنجاری نے سرمایہ کاروں کے 6 رکنی وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔

 ملاقات میں پا ک اومان دوطرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری ، تجارت میں اضافہ سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے اومان کے سرمایہ کاروں کو صوبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ کے پرکشش شعبے سرمایہ کاری کے لئے انتہائی شاندار ہیں، اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار، محنتی ، نوجوان افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے اہم ثابت ہوگی۔ اومان کے قونصل جنرل نے کہا کہ اومان کے سرمایہ کار صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں۔ بعد ازاں گورنر سندھ کے ہمراہ اومان کے قونصل جنرل انجینئر سمیع عبد اللہ اور سرمایہ کاروں کے وفد نے قائد روم کا دورہ بھی کیا۔علاوہ ازیں گورنر سندھ سے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قونصل جنرل نے گورنر سندھ کو متحدہ عرب امارات کے 53 ویں قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں پرکشش شعبوں سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔ قونصل جنرل نے کہا کہ صوبہ کے مختلف شعبوں میں یو اے ای کے سرمایہ کار دلچسپی رکھتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں