محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینیں خالی کرانے کی تیاریاں
کراچی(نیوز ایجنسیاں)حکومت سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینیں خالی کرانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں ، محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینیں خالی کروانے کے چیف سیکریٹری ، آئی جی سندھ اور اینٹی انکروچمنٹ کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بورڈ کا 13واں اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کمال دایو، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ کے 12ویں اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینیں خالی کروانے کا فیصلہ ہوا تھا، محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینوں سے غیر قانونی قبضے جلد از جلد خاتمے کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں چیف سیکریٹری ، آئی جی سندھ اور اینٹی انکروچمنٹ کی معاونت حاصل کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جن زمینوں پر سرکاری اداروں کے دفاتر بنائے گئے ہیں، ان کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں، نوٹسز پر تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ اداروں سے بات کی جائے ۔ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بورڈ کے اجلاس میں ایس سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بورڈ کے 12ویں اجلاس کے منٹس ، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ کے سیکریٹری کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ بورڈ اجلاس میں عبدالستار ایدھی اورنج لائن بی آر ٹی کے دو پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے کنٹریکٹ ملازمین کے کنٹریکٹس میں توسیع کی بھی منظوری دے دی ، تاہم پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ کی نمائندے کی جانب سے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر پرویز جمالی کی مستقل تعیناتی کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے )کے بجٹ 2021-22 اور 2022-23 کی بھی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس شروع کرنے کا مقصد عوام کو مہنگائی کے اس زمانے میں ریلیف دینا ہے ، حکومت سندھ دیگر شہروں میں بھی بسیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے ، بس چلانے کے خواہشمند اسٹیک ہولڈرز پیپلز بس سروس میں سرمایہ کاری کریں، اس ضمن میں حکومت سندھ ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔