سکھر کی خوبصورتی کیلئے حکومت سندھ کی کوششوں میں تیزی
سکھر(بیورو رپورٹ)سندھ کے تیسرے بڑے تجارتی،ثقافتی،تاریخی شہر سکھر اور روہڑی کی بیوٹیفکیشن پر انتظامیہ نے سندھ حکومت کی ہدایات پر کوششیں تیز کردیں، واکنگ ٹریک پر ٹائم اسکوائر کی طرز پر اسٹیج بنے گا ،سٹی پوائنٹ کے قریب کیرتھر اور دادو کے درمیان گیٹ آف سکھر بھی بنایا جائیگا ۔
اس سلسلے میں گز شتہ روز وزیر توانائی ، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے سکھر اور روہڑی میں متعدد منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی ، ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو و دیگر بھی موجود تھے ۔ گیٹ آف سکھر سے کھیر تھر اور دادو کینال کے درمیان دو رویہ خوبصورت سڑک بھی تعمیر کی جائے گی، صوبائی وزیر نے واکنگ ٹریک کا بھی دورہ کیا ، واکنگ ٹریک کی بیوٹیفکیشن اور ٹائم اسکوائر کی طرز پر اسٹیج بنانے پر بریفننگ لی۔دوسری جانب ناصر شاہ نے روہڑی میں مسان روڈ کا بھی افتتاح کیا اور ، عمر کس کینال کی بیوٹیفکیشن سمیت شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر توانائی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھر کے منتخب نمائندے عوام کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں ،ایم این اے سید خورشید احمد شاہ نے سکھر میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے ، جس کو ہم آگے بڑھا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سکھر سندھ کا ابھرتا ہوا اربن مرکز ہے ، سکھر میں عالمی معیار کی یونیورسٹیوں اور اسپتالوں کے قیام کے بعد اس شہر کی اہمیت بڑھ گئی ہے ، تجارت کے ساتھ سکھر اب سندھ کا تعلیمی اور صحت کا مرکز بن چکا ہے۔