ملیر جیل میں میڈیکل کیمپ،ہزاروں قیدیوں کا معائنہ

ملیر جیل میں میڈیکل کیمپ،ہزاروں قیدیوں کا معائنہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے تحت ملیر جیل میں میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔کیمپ میں جلدی امراض کی تشخیص وعلاج کیلئے ہزاروں قیدیوں کا معائنہ کیا گیا۔

جلدی امراض کے ماہر ڈاکٹروں و پیرامیڈیکل اسٹاف نے قیدیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور تجویز کی جانے والی دوائیں مفت فراہم کیں۔ڈاکٹروں نے قیدیوں کو جلدی امراض سے متعلق آگاہی بھی دی ۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ،ایس ایس پی ملیر جیل سید ارشدوعلی شاہ اورسینئر منیجر منظر عالم اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔راشد قریشی اور قاضی سید صدرالدین نے جیل کا دورہ کیا اور کیمپ کا معائنہ کیا۔انہوں نے جیل انتظامیہ کے تعاون سے کیمپ کے انعقاد کو سراہا ۔ راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت جیلوں میں قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کر رہی ہے ۔مفت میڈیکل کیمپ اس سلسلے کی کڑی ہے جس میں ہزاروں قیدیوں میں جلدی امراض کی تشخیص و علاج کیلئے معائنہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ قیدیو ں میں عموماً جلدی امراض کی شکایات پائی جاتی ہیں ۔جلدی امراض قیدیوں کا اہم مسئلہ ہے ، جلدی امراض کا تدارک فور ی اور لازمی ہونا چاہیے تاکہ صحت کے بڑے مسئلے سے بچا جا سکے ۔انہوں نے کہاکہ الخدمت نے آئندہ 15روز میں ایک اور فری میڈیکل کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں