وزیر بلدیات کی میگا منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری میگا منصوبوں کو ان کے مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا اور اگر اس کی راہ میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ ہے تو اس کا خاتمہ کیا جائے گا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کوزیر تعمیر کورنگی کازوے کے دورے کے موقع پر کیا۔ وزیر اعلٰی کے معاون خصوصی سید وقار مہدی بھی تھے ۔ صوبائی وزیر کو ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ کراچی سید عباس علی شاہ اور ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کورنگی کازوے انجینئر جنید احمد صدیقی نے منصوبے پر بریفنگ دی۔پی ڈی نے بتایا کہ کورنگی کازوے منصوبہ 1.4 کلومیٹر ہے اور اس پر 40 فیصد سے زائد کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ،منصوبے کو جون 2025 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ سعید غنی نے اس منصوبے کے حوالے سے درپیش مسائل بالخصوص کورنگی کازوے کو ملیر ایکسپریس وے سے ضم کرنے سمیت دیگر پر تفصیلی بریفنگ لی۔ سعید غنی نے کہا کہ اس منصوبے کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس سے کورنگی اور اطراف کی آبادیوں کا طویل سفر قلیل ہوسکے گا۔ اگر اس منصوبے کو ملیر ایکسپریس وے کے ساتھ ضم کیا جاتا ہے تو یہ منصوبہ 1.4 کلومیٹر سے بڑھ کر 4 کلومیٹر طویل ہوجائے گا۔