جامشورو:بین الصوبائی ڈکیت گینگ کے 4کارندے دھرلیے گئے
جامشورو، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ)کوٹری پولیس نے بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے چار کارندے دھرلیے اور ملزمان کے قبضے سے چار موٹرسائیکلیں، 16موبائل فونز اور چار لاکھ نقدی، اسلحہ برآمد کرلیا ۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے ۔
ایس پی کوٹری شاہنواز جوکھیو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کوٹری کے مختلف علاقوں سے لوٹ مار اور رہزنی کرنے والے چار ملزمان حبیب الل منگریو، عبدالستار ابڑو، نورالدین برفت اورعبدالجبار برفت کو گرفتار کرکے مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ہے ۔ ملزمان نے کوٹری میں موبائل شاپ سے بھی لاکھوں روپے مالیت کے 50 موبائل فونز ، مارٹ سے اور دیگر وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کی ڈکیتی کی تھی۔ کارندوں کو ٹیکنیکی بنیاد پر کارروائی کے ذریعے پکڑا ہے ۔ملزمان سندھ کے مختلف علاقوں ، کراچی ، حیدرآباد ،سجاول ،ٹھٹھہ سمیت دیگرشہروں میں وارداتیں کرتے تھے۔ میرپورخاص پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 2 خاتون سمیت 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 121 گرام ہیروئن برآمد کرلی اور مقدمہ درج کرلیا ۔ ایس ایچ او ٹاؤن اسٹیشن سب انسپکٹر کامران ہالیپوٹو نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرکے موٹر سائیکل چور سرفراز کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی جسکا مقدمہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن پر درج ہے۔ محراب پور میں پولیس نے کارروائی میں 9 منشیات فروش، 1 رہزن کو گرفتار کرکے 5840 گرام چرس،شراب ودیگر اشیا برآمد کرلی۔