جھڈو :غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی،سربمہر

جھڈو :غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی،سربمہر

جھڈو،پڈعیدن(نمائندگان دنیا)اسسٹنٹ کمشنر جھڈو غضنفر پراخ نے شہری آبادی کے درمیان مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی پٹرول یونٹس کے خلاف چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کردیا۔

اطلاعات کے مطابق جھڈو میں مبینہ طورپر ایک درجن سے زائد بغیر لائسنس والے پٹرول پمپس اور ایجنسیاں قائم ہیں،تاہم اس سے قبل بھی انتظامیہ کی جانب سے ان پمپس اور ایجنسیوں کے خلاف متعدد کارروائیاں ہوتی رہی ہیں لیکن کارروائی کے چند گھنٹوں یا ایک دو روز کے بعد یہ غیر قانونی پمپس اور پیٹرول ایجنسیاں دوبارہ اپنا کاروبار شروع کردیتی ہیں۔عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ہونے والی کارروائی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں نمائشی سمجھی جاتی ہیں۔ پڈعیدن سے نمائندے کے مطابق ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد ارسلان سلیم کی صدارت میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی لُنڈ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو محمد مستقیم قریشی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو روز مرہ کھانے پینے اور دیگر استعمال کی اشیاء مناسب نرخوں پر فراہم کرانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ ا نہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں اور گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزی کرنے والے تاجروں کو قانون کی گرفت میں لائیں ۔ انہوں نے محکمہ ویٹ اینڈ میرمینٹ کے افسر کو ہدایت کہ ہر تحصیل میں دکانداروں کے تولنے کے اوزاروں کا جائزہ لیں اور انہیں اپ ٹو ڈیٹ کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں