لاڑکانہ :ایم کیوایم پاکستان کا بچے کی بازیابی کیلئے احتجاجی دھرنا
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کی حدود مراد واہن حنیف کالونی سے ڈیڑھ ماہ قبل مبینہ اغوا ہونے والے 10 سالہ بچے عبدالباسط سیہڑو کی بازیابی کے لیے اہلخانہ نے ایم کیو ایم پاکستان لاڑکانہ زون کے رہنماؤں اور کارکنان کے ہمراہ لاڑکانہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا۔۔
جہاں انہوں نے تنظیمی جھنڈے ، بینرز، پلے کارڈز اور بچے کی تصویریں اٹھاکر نعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر مبینہ اغوا ہونے والے بچے کے والد عرفان علی سیہڑو نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما نادر علی مگسی، ضلعی انچارج غلام یاسین میرانی، محبوب علی کوکر، نوید احمد چوہان، دیدار علی منگریو، ضمیر احمد کنبھر، زکریا تونیو اور دیگر کے ہمراہ بتایا کہ 13 اکتوبر کو میرا 10 سالہ بیٹا عبدالباسط سیہڑو گھر سے نکل کر محلے کی دکان پر کچھ اشیاء خریدنے کے لیے نکلا جہاں سے وہ لاپتا ہوگا، خدشہ ہے کہ نامعلوم ملزمان نے اسے اغوا کرلیاہے جس کے لیے میں نے بیٹے کے اغوا کا مقدمہ تھانہ دڑی پر نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرایا ہے ، تاہم ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گز رنے کے باوجود پولیس بیٹے کو بازیاب کرانے میں ناکام رہی ، جس کے باعث تمام گھر والے سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر بیٹے کو بازیابی کرواکر پریشانی ختم کی جائے۔