پی ٹی آئی حملہ آور ہوگی تو قانون حرکت میں آئے گا،فرخ شاہ
سکھر(بیورو رپورٹ)چیئرمین پٹرولیم سوشل ڈویلپمنٹ کمیٹی سکھر اور ایم پی اے سید فرخ شاہ نے کہا ہے کہ پٹر ولیم سوشل ڈویلپمنٹ کمیٹی سکھر کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا، جس میں لائحہ عمل تیار کریں گے ۔
ہماری کوشش ہوگی کہ جس علاقے سے گیس نکلے پہلے اسے ترجیح دیں اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں، یہ بات انہوں نے اولڈ ماروی ہاسٹل کے قریب ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر سکھر کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ظالموں نے ملک کے دارالحکومت پر قبضہ کرنے کی کوشش کی،ایسے حالات رہے تو ملک میں مہنگائی اور بڑھے گی اور اسٹاک ایکسچینج گرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کے بارے میں پہلے سوچنا چاہیے تب ہی پٹرول،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی ، دوسروں کی ٹانگیں کھینچنے سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ سید فرخ شاہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا مستقبل ان کے لائحہ عمل پر منحصر ہے ،اگر یہ لوگ ملک پر حملہ کریں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج (ہفتہ )پاکستان پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس ہے ، ہم سب کو خوشی سے منانا چاہیے ،پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے ملک کو نیوکلیئر پاور بنایا، یونیورسٹیاں دیں اور بڑے بڑے ادارے دیے ۔ انہوں نے کہا کہ سکھر کے شہریوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس میں بھرپور شرکت کریں ۔