آرٹس کونسل کے انتخابات 22دسمبر کو ہوں گے ،کمشنر

آرٹس کونسل کے انتخابات 22دسمبر کو ہوں گے ،کمشنر

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کمشنر کراچی سید حسن علی نقوی نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل کے الیکشن برائے سال 26-2025 بروز اتوار 22 دسمبر کو ہوں گے ۔

الیکشن کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی سی ساؤتھ الطاف ساریو اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ کمشنر کراچی و چیف الیکشن کمشنرحسن نقوی نے کہا کہ آرٹس کونسل کے الیکشن دو سال میں ہوتے ہیں، یہ ناصرف الیکشن بلکہ ایک میلہ بھی ہوتا ہے ، الیکشن صاف و شفاف طریقے سے کروانے کی ذمہ داری کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی ہوتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 9 دسمبر کو ووٹر لسٹ آویزاں کردی جائے گی۔ 10 دسمبر کو نامزدگی فارم آرٹس کونسل کے دفتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ 11 دسمبر تک شام 6 بجے تک ووٹرز لسٹ پر اعتراضات داخل کیے جاسکتے ہیں جبکہ 12 دسمبر کو ووٹرز کی حتمی فہرست آویزاں کی جائے گی اور 12 دسمبر کو امیدواران جو ووٹ دینے کے اہل ہوں گے شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی داخل کرسکتے ہیں۔کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ 13دسمبر کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شام 4 بجے ہوگی۔ 14 دسمبر کو کاغذات نامزدگی شام 5 بجے تک واپس لیے جاسکتے ہیں۔ 14 دسمبر کو ہی امیدواران کی حتمی فہرست رات 8 بجے آرٹس کونسل کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کی جائے گی۔ 20 دسمبر کو انتخابی مہم رات 12 بجے اختتام پذیر ہوجائے گی جبکہ 22 دسمبر کو ووٹنگ کا عمل صبح 12 بجے سے رات 8 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں