اپوزیشن کاکل سٹی کونسل اجلاس سے قبل احتجاج کااعلان

اپوزیشن کاکل سٹی کونسل اجلاس سے قبل احتجاج کااعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ کی صدارت میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حافظ الحق، جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر زقاضی صدر الدین اور جنید امین مکاتی،نعمان الیاس، تیمور احمد، ابرار احمد، سعد اللہ، عمردراز، افضل زیب اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ جمعرات (کل) کو ہونے والے اجلاس کے موقع پر تمام اپوزیشن جماعتیں و ممبران جمع ہو کر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے اراکین کونسل میں فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف صرف پیپلز پارٹی سے کے اراکین میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم اور ٹینڈرز جاری کرنے کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ قابض میئر پیپلز پارٹی کی پرانی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے بدترین تعصب کا مظاہرہ اور کے ایم سی میں جاری کرپشن کے سسٹم کو بھرپور تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ اپوزیشن نے تعلق رکھنے والے کونسل کے اراکین اور یوسی میں کوئی ترقیاتی اسکیمیں نہیں دی جارہی اور اخبارات میں جو ٹینڈرز جاری ہوئے ہیں وہ صرف پیپلز پارٹی سے متعلق ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز کراچی کے عوام کے ہیں کسی مخصوص پارٹی کے نہیں نہ میئر یا کسی اور کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ صرف من پسند لوگوں میں فنڈز کی تقسیم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اسکیموں میں کھربوں روپے کے اخراجات دکھائے جارہے ہیں جبکہ شہر کھنڈر بناہوا ہے ، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، پارکس اجڑے ہوئے ہیں، سیوریج اور پانی کا نظام درہم برہم ہے ، اسٹریٹ لائٹس بند ہیں، کے ایم سی کے اسکولوں میں فرنیچرز کی عدم دستیابی ہے ، نالوں کی صفائی، کچرا اُٹھانے کا کوئی نظام موجود نہیں۔ آدھا شہر 10 دن سے پانی سے محروم ہے ، شہر کو لاوارث سمجھ کر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں