5کروڑ کا خشک دودھ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین وانی کو حساس ادارے سے اطلاع موصول ہوئی کہ ماڑی پور ٹرک اڈہ پر قائم گودام میں اسمگل شدہ خشک دودھ کی بھاری مقدار کا کنٹینر ٹریلر پر موجود ہے۔
جس کو اندرون ملک اسمگل کیا جائے گا۔ اس اطلاع پر کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ معین الدین وانی نے ڈپٹی کلکٹر انفورسمنٹ اینٹی اسمگلنگ سید محمد رضا نقوی کی سربراہی میں ایک خصوصی چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی اس ٹیم نے ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ میں قائم ایک گودام پر چھاپہ مارکر ٹرالر پر لوڈ کنٹینر کو روک کر ٹرالر ڈرائیور سے کنٹینر میں موجود سامان کے بارے میں دریافت کیا تو ٹرالر ڈرائیور نے کسٹم کی ٹیم کو کسٹمز گڈز ڈکلیریشن(GD) پیش کی جس میں تازہ سیب کی معلومات درج تھیں کسٹمز کی عملہ نے درج معلومات کی تصدیق کے لئے جب ریفریجیٹد کنٹینر کو کھول کر چیک کیا تو کنٹینر میں تازہ سیب کے کریٹس کے پیچھے خشک دودھ کے بیگز کی نشان دہی ہوئی جس پر کنٹینر کو مکمل خالی کیا گیا اورایرانی خشک دودھ کے 880 بیگز برآمد کئے ،برآمد شدہ ایرانی خشک دودھ بمعہ ٹریلر اور کنٹینر کو کسٹمز نے اپنی تحویل میں لے کر ضبط کیا۔خشک دودھ ٹریلر/کنٹینر کی کل مالیت 5 کروڑ روپے ہے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے 3 افراد کو باضابطہ گرفتار کیا گیا ہے ۔