ترقیاتی کاموں میں غیرسنجیدگی پروزیربلدیات برہم

ترقیاتی کاموں میں غیرسنجیدگی پروزیربلدیات برہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں سالانہ ترقیاتی کاموں کی جاری اسکیموں پر جاری کام رواں سال ہی مکمل کئے جائیں بالخصوص وہ منصوبے جن پر 100 فیصد ریلیز ہوچکی ہیں۔

 ان کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ تمام محکموں میں ترقیاتی کاموں کو لے کر سنجیدگی نظر نہیں آرہی ہے اگر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے ایم سی، کے ڈی اے ، واٹر بورڈ، ایم ڈی اے ، ایل ڈی اے ، کلک اور سوئپ میں سالانہ ترقیاتی اسکیموں پر کام کی مکمل رپورٹ آئندہ ایک ہفتہ میں جمع کروائی جائے اور جن اسکیموں کو رواں سال مکمل ہونا ہے اسے ہر صورت مکمل کیا جائے ۔ تمام ریجنل ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ہر کونسل کی ماہانہ رپورٹ جمع کروانے کے پابند ہوں گے ۔ پیدائش اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجراء پر 5 سال کے لئے کوئی فیس نہیں ہے اس کو یقینی بنایا جائے اور اگر کسی قسم کی کوئی شکایات اس حوالے سے ملتی ہیں تو مذکورہ کونسل کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اجلاس میں صوبائی وزیر نے ایک ایک اسکیم پر رپورٹ طلب کی اور مذکورہ اسکیموں پر کام کی رفتار اور ان کے لئے جاری فنڈز کی بازپرس کی۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے تمام محکموں کی جانب سے سالانہ ترقیاتی اسکیموں پر غیر سنجیدگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈی جیز، ایم ڈیز اور ایم سیز پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں