سندھ حکومت کا جنوری میں اسپورٹس بیچ ویو گالا فیسٹیول کرانے کا اعلان

سندھ حکومت کا جنوری میں اسپورٹس بیچ ویو گالا فیسٹیول کرانے کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے آئندہ سال جنوری میں ساحل سمندر پر اسپورٹس بیچ ویو گالا فیسٹول منعقد کرنے کا اعلان کردیا ۔وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ آئندہ سال جنوری میں بیچ گیمز کا بڑا ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔

آج اسٹریٹ چلڈرن ضلع جنوبی کیلئے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ حکومت سندھ نے کھیلوں کیلئے سالانہ کلینڈر بھی بنایا ہے ، 17 سال کے بعد کراچی میں نیشنل گیمز منعقد ہونے جارہے ہیں، یہ بیچ ویو گیم صرف ریہرسل ہے ، بڑے پیمانے پر جو ہوں گی وہ جنوری میں منعقد کی جائینگی۔ سردار محمد بخش مہر نے سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری کے ہمراہ محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے ساحل سمندر پر منعقد بیچ اسپورٹس گالا ضلع جنوبی کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ میں کھیلوں کے حوالے سے ٹیلنٹ ڈھونڈنے کا مرحلہ ہے اس کی شروعات ہوچکی ہے ، فٹبال کی ٹورنامنٹ ہوچکی اور دیگر کھیلوں کے ایونٹ بھی ہوچکے ہیں، یہ جو مرحلہ ہے اس سے آگے چل کر کے سندھ کے کھیلوں میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی، نیشنل اور سندھ گیمز میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہوگی، وہ تمام بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی سندھ نام روشن کریں گے ۔سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، ہر بچے کو کھیلنے اور تفریح کرنے کا حق ہے ، سندھ حکومت نوجوانوں کو کھیلنے کے لیے محفوظ اور مناسب ماحول فراہم کر رہی ہے ، کھیلوں میں اچھی کارکردگی دکھانے پر انعامات دے کر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ دوسری جانب ساحل سمندر پر بیچ اسپورٹس گالا میں والی بال، فٹبال ، ٹگ آف وار، ریس، بیچ گبڈی سمیت دیگر گیمز کھیلے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں