پانچ روزہ عالمی کتب میلہ کل سے شروع ،17ممالک شریک ہونگے

پانچ روزہ عالمی کتب میلہ کل سے شروع ،17ممالک شریک ہونگے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)19 ویں کراچی عالمی کتب میلے کا آغاز 12دسمبر سے ہو گا جو پانچ روز تک جاری رہے گا، کتب میلے کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کرینگے ، کتب میلے میں 5 لاکھ شائقین کتب کی شرکت متوقع ہے ۔

کتب میلے میں 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لینگے ، جہاں انتہائی کم قیمت میں کتابیں دستیاب ہوں گی۔ یہ بات پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے سربراہ عزیز خالد اور کتب میلے کے کنوینر وقار متین نے منگل کو پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کنوینر ناصر حسین اور راشد علی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کتب میلے میں نہ صرف پاکستان بھر سے بلکہ ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے حصہ لے رہے ہیں۔وقار متین خان کا کہنا تھا کہ ہر سال ہونے والا یہ عالمی کتب میلہ پاکستان بھر کے لاکھوں طلبہ، والدین، ادبی و تدریسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی خاص توجہ کا مرکز رہا ہے ۔ اس موقع پر عزیز خالدنے کہا کہ اس طرح کے کتب میلے اب صرف عا م میلوں کی حیثیت نہیں رکھتے نہ ہی یہ صرف اور صرف پبلشرز کو ایک سادہ سا پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں بلکہ موجودہ دور میں کتب میلے پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو اُجاگر کرتے ہیں۔حالیہ ایڈیشن پچھلے تمام ایونٹس کے مقابلے میں منفرد ہو گا جس میں اس عالمی کتب میلے کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت اور دیگر امور کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔کتب میلے کا مقصد پاکستانی نوجوان اور طلبہ کو یہ باور کرانا ہے کہ وہ آنے والے وقت میں مختلف فنون اور شعبوں میں علم و ہنر حاصل کرکے اپنے ملک و قوم کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کریں گے ۔ عالمی کتب میلے میں پہلے دن سے عوامی داخلہ کے اوقات صبح 10 بجے سے لے کر رات 9 بجے تک ہوں گے جو کہ پیر 16 دسمبر 2024 تک جاری رہے گا۔ عزیز خالد نے کراچی کتب میلے کے اسپانسر پاکستان مر کنٹائل ایکسچینج کا شکریہ ادا کیا اور کراچی انٹرنیشل بُک فیئر کے آ رگنائزر ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹر نیشنل کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں