دریا خان مری:مین بازار میں ڈاکوؤں کی دکاندار، گاہکوں سے لوٹ مار
پڈعیدن (نمائندہ دنیا) پڈعیدن کے نواحی علاقے دریا خان مری کے مین بازار میں 5 مسلح افراد کی دن دیہاڑے دکان دار اور گاہکوں سے لوٹ مار۔۔
لاکھوں روپے ، 5 موبائل فون اور ایل سی ڈی لوٹ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، واقعہ کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقے دریاخان مری شہر میں دن دیہاڑے 5 مسلح افراد طیبہ آئرن اسٹور میں گھس کر دکان دار سمیت گاہکوں کو یرغمال بنا لیا اور لوٹ مار کرتے ہوئے دکان سے لاکھوں روپے نقد، ایل سی ڈی ، جبکہ دکان میں موجود گاہکوں سے رقم، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر فائرنگ کرتے ہوئے با آسانی فرار ہوگئے ۔ واقعہ کی اطلاع پر شہر میں خوف کی فضا چھا گئی ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں ۔ اس موقع پر متاثرین خادم حسن شر،محمد حسن شر،عبدالصمد مبیجو ،محسن آرائیں اور بلال آرائیں نے بتایا کہ 5 مسلح ملزموں نے دیدہ دلیری سے بھرے بازار میں اسلحہ لے کر دکان میں گھس کر لوٹ مار کی اور با آسانی فرار ہو گئے ، جبکہ پولیس انتظامیہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ متاثرین نے آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد اور ایس ایس پی سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلح ملزموں کو فوری گرفتار کرکے رقم ،موبائل فون سمیت تمام لوٹا گیا سامان برآمد کر کے واپس دلایا جائے ۔