گلشن حدید میں چھری کے وار سے نوجوان جاں بحق
کراچی (رپورٹ: آغا طارق) گلشن حدید میں لگنے والی بچت بازار میں دو اسٹال ہولڈرز کے درمیان معمولی بات پر لڑائی ہوگئی۔
جس کے نتیجے میں ملزم زمین خان نے چھری سے وار کرکے نوجوان زاہد میرانی کو قتل کردیا، ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، واقعے کے بعد بازار مکمل طور پر بند کرادی گئی ، دوسری طرف مقتول نوجوان کے ورثا ء نے لاش اسٹیل ٹاؤن قومی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا دے دیا ۔دھرنے کے سبب ٹھٹھہ کراچی آنے والی ٹریفک پانچ گھنٹے مکمل بند ھوگئی۔دہرنے میں جسقم چیئرمین صنعان خان قریشی نے شرکت کرکے مقتول کے ورثاء سے یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، دوسری جانب مقتول کے ورثاء کا کہنا تھا کہ زمین خان نامی شخص اور ان کے ساتھیوں نے بیگناہ نوجوان کو قتل کیا ہے ، پولیس ابھی تک ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی ہے ، قاتلوں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے ، دوسری طرف ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی اورایس پی ملیر سعید رند نے ورثاکو24 گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد دھرنا ختم کیا گیا۔ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ قاتلوں کو جلد گرفتار کرلیں گے ۔