میرپور خاص: ٹھنڈی ہوائیں چلتے ہی گیس نایاب ہوگئی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)شہر بھر میں ٹھنڈی ہوائیں چلتے ہی گیس نایاب ہوگئی، گیس کی غیر اعلانیہ بدترین لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان، روٹی لینے والوں کا ہوٹلوں پر رش۔
تفصیلات کے مطابق میرپورخاص اور گردونواح میں ٹھنڈی ہوائیں چلتے ہی گیس کی بدترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے گھریلو زندگی اور گیس سے چلنے والے کاروبار مکمل طور مفلوج ہوکر رہ گئے ۔گیس کی شیڈول لوڈ شیڈنگ میں بغیر اطلاع اضافہ ہونے سے گھریلو خواتین کا کہنا تھا بدترین گیس نہ ہونے کی وجہ سے صبح بچے اسکول اور مرد بغیر ناشتہ دفاتر جانے پر مجبور ہیں، گیس نہ ہونے سے ہوٹلوں سے مہنگے داموں کھانا منگوانے پر مجبور ہیں، جس سے اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ،گیس نہ ہونے کے سبب گھروں پر روٹی بنانا مشکل ہوگیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ گیس کے بھاری بھر کم بل تو بھیجے جارہے ہیں مگر گیس فراہم نہیں کی جارہی ،جبکہ گیس سے چلنے والے تنور مالکان کا کہنا تھا کہ شہر کے نصف سے زائد تنوروں نے گیس کی لوڈ شیڈنگ اور بھاری بھر کم بلوں کی وجہ کنکشن منقطع کرادئیے ہیں، باقی تنور مالکان گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے پریشان ہیں، مجبوراً ہمیں بھی گیس کنکشن ختم کرکے لکڑیوں پر کام دوبارہ شروع کرنا پڑے گا۔ شہریوں نے سوئی سدرن اور حکومت سے اپیل کی کہ شہر بھر میں بلاجواز بدترین گیس کی لوڈ شیڈنگ کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔