منشیات کی روک تھام کیلئے میڈیا مہم چلانے کی ہدایت

منشیات کی روک تھام کیلئے میڈیا مہم چلانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کے زیر صدارت تیسرا ہائی پاور مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کو منشیات کے خاتمے ، روک تھام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ریجنل ڈائریکٹر اے این ایف بریگیڈیئر عمر فاروق نے بتایا کہ منشیات فروش، صابن، شیمپو، کپڑوں، ای سگریٹ (ویپ)، طبی دستانوں، چاکلیٹس، مشروبات، کار ایئرکنڈیشن کمپریسر، سفری بیگز اور دیگر سامان سمیت کھانے پینے کی اشیاء تک کے ذریعے منشیات اسمگل کررہے ہیں۔ ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر نے بتایا کہ سندھ پولیس نے رواں برس منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 10 ہزار چھاپوں میں 13 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا ۔ محکمہ تعلیم کے افسران نے بتایا کہ انہوں نے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کو منشیات فروشی اور طلباء کو منشیات کے استعمال سے بچاؤ سے متعلق آگاہ کیا ۔اس موقع پر مکیش چاولہ نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ منشیات کے خاتمے کیلئے ہمیں مزید ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے ۔ صوبائی وزیر نے منشیات کی روک تھام سے متعلق عوامی آگہی کیلئے میڈیا مہم چلانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے سرحدی علاقوں میں سرویلنس کے نظام کو بڑھایا جائے اور منشیات کے خلاف کارروائیوں سے متعلق تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کا نظام قائم کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں