اسمگلنگ کیس، صارم برنی کی اہلیہ کی ضمانت میں توثیق پر فیصلہ محفوظ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صارم برنی کی اہلیہ عالیہ برنی کی انسانی اسمگلنگ اور دستاویزات میں ردوبدل کا مقدمے میں درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت شرقی کی عدالت میں ملزمہ عالیہ برنی کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئے ، فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔ عالیہ برنی نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے ، ملزمہ عالیہ صارم کی ضمانت کی توثیق کا فیصلہ 23 دسمبر تک سنائے جانے کا امکان ہے ۔ مقدمے میں ملزمان حمیرا، مدیحہ اور بسالت مفرور ہیں۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے متعلق درخواستوں پرجواب طلب کرلیا ہے ۔ کے ایم سی کے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ ملازمین نے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں ملازمین 10/10سال سے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں۔ ادھرصوبائی اینٹی کرپشن عدالت نے انٹر کے نتائج میں ردوبدل اور جعلسازی کے مقدمے کی سماعت بغیر کسی کارروائی ملتوی کردی ۔