جناح اسپتال،خاتون ڈاکٹر سے مبینہ ہراسانی پر تحقیقاتی کمیٹی قائم
کراچی(آئی این پی)جناح اسپتال کراچی کے یورولوجی ڈپارٹمنٹ میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ مبینہ ہراسانی کے واقعے پر محکمہ صحت سندھ نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جناح اسپتال کے شعبہ یورولوجی کی ریزیڈنٹ ڈاکٹر نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر پر ہراسانی کے الزامات لگائے ہیں۔ان الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے چیئرمین ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر ثاقب شیخ اور ممبر ڈپٹی سیکریٹری محکمہ صحت طارق خان ہوں گے ۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 3 دن میں اپنی رپورٹ جمع کرائے ۔کمیٹی الزامات کی حقیقت اور شواہد کا جائزہ لے گی اور اپنی سفارشات پیش کریگی۔