اسٹریٹ کرائم میں کافی حدتک کمی آچکی ،ایڈیشنل آئی جی

 اسٹریٹ کرائم میں کافی حدتک کمی آچکی ،ایڈیشنل آئی جی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف تاجر رہنما اور اورنگی ٹاؤن ٹریڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید رضی حیدر رضوی کے سربراہی میں اورنگی ٹاؤن ٹریڈ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو سے ملاقات کی اور اورنگی ٹاؤن کی مارکیٹوں کے مسائل سمیت خاص طور پر سیکیورٹی اور اسٹریٹ کرائم پر بات چیت کی۔

 ایڈیشنل آئی جی نے تاجر رہنماؤں کے مسائل حل کرنے کیلئے متعلق افسران کو ہدایت جاری کی اور وفد کو یقین دہانی کرائی کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف سخت کارروائی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی سے حکمت عملی بنائی ہوئی ہے جس پر ہمارے پولیس افسران کام کر رہے ہیں جس سے اسٹریٹ کرائم میں کافی کمی آئی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف ہمارا آپریشن جاری رہے گا۔ اس موقع پر تاجر رہنماؤں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کو اورنگی ٹاؤن میں مختلف مارکیٹوں کے دورے کی دعوت دی جسے ایڈیشنل آئی جی نے قبول کرتے ہوئے آئندہ ہفتے دورے کی یقین دہانی کروائی۔ وفد میں سرپرست ظفر اللہ انصاری،صدر و ٹاؤن چیئرمین حاجی محمد جمیل ضیاء ،سینئر نائب صدر عبدالقادر ،وائس چیرمین سید زبیر الدین، جنرل سکیرٹری شہباز نومی،محمد ہارون،محمد شاہد،امجد قریشی،محمد فہیم ودیگر موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں