پارکنگ سائٹس پر قبضے کیخلاف مقدمہ چاہتاہوں،میئر

کراچی(این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا تھا کے ایم سی ہمارے پاس ہوگی تو وسائل عوام کی بہتری پر خرچ ہوں گے۔
ٹاؤنز کی طرف سے کے ایم سی کی پارکنگ سائٹس پر قبضے کے خلاف ایف آئی آر کٹوانا چاہتا ہوں، ہم اربوں روپے لگا کر سڑکیں بنا رہے ہیں اور جماعت اسلامی روڈ کٹنگ کی اجازت دے رہی ہے ، کل کے ایم سی کو کے الیکٹرک سے بیس کروڑ روپے کا چیک ملا ہے ، اورنگی ٹاؤن میں 23 کروڑ 36 لاکھ روپے کی لاگت سے پانچ ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں، ان منصوبوں میں پانی کی فراہمی، سیوریج لائنوں کی مرمت، پیور بلاکس کی تنصیب اور سڑکوں کی کارپیٹنگ شامل ہے ، عوامی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو فعال اور شفاف ادارہ بنا رہے ہیں، بہت سارا کام کرنے کی ضرورت ہے وسائل کو عوام کی بہتری پر خرچ کریں گے ، یہ بات انہوں نے منگل کے روز قطر اسپتال روڈ اور اورنگی ٹاؤن کے دیگر علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔میئر کراچی نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں قبرستان کے اوپر چائنہ کٹنگ کردی گئی مگر چائنہ کٹنگ ہمارے ادوار میں نہیں ہوئی، جماعت اسلامی پارکو ں کے اندر کمرشل سرگرمیاں کررہی ہے ، منعم ظفر اس کا جواب دیں، سنگم گراؤنڈ پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دوں گا، ٹاؤن انتظامیہ مختلف جگہوں پر غیر قانونی پارکنگ کررہی ہے جبکہ پراپرٹی ٹیکس اور ایڈورٹائزمنٹ ٹیکس بھی ٹاؤنز کو جاتے ہیں۔