قتل کیس میں بریت کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے مقدمے میں ملزم کی بریت کے خلاف اپیل سماعت کے لئے منظور کرلی ہے ۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے 2016 میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران شہری عبید غنی کو قتل کیا تھا، ملزم عزیز آباد تھانے میں پولیس مقابلے کے مقدمے میں گرفتار ہوا تھا، ملزم کو عینی شاہد نے شناخت بھی کیا تھا تاہم ٹرائل کورٹ نے اہم شواہد نظر انداز کرتے ہوئے ملزم کو بری کیا، عدالت نے ملزم کی بریت کے خلاف اپیل سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے ملزم عمران سومرو کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔ عدالت نے ملزم کو تیس ہزار کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔