خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے کوشاں، ناصر شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ)وزیر منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اسپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کرنے والے اساتذہ قابل تحسین خدمات سر انجام دے رہے ہیں، خصوصی بچوں کو بااختیار بنانے کے ادارے ۔۔
ڈی ای پی ڈی کے نان گزیٹڈ ملازمین کے پروموشن اور ٹائم اسکیل سمیت جائز حقوق دلائے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روہڑی میں آل نان گزیٹڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن سندھ کے رہنماؤں رئیس ابڑو،نوید راجپوت، خالدحسین پتافی،پیر جہانیاں شاہ ،سید وزیر شاہ، عباس شاہ، غلام رسول گل مہر،کوثر جویو سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم اسپیشل بچوں کے تعلیمی اداروں کی بہتری سمیت ملازمین کے جائز حقوق کے حل کیلئے کوشاں ہیں اور کئی منصوبے زیر غور ہیں، اس ادارے کے چھوٹے ملازمین کی درخواست وزیر اعلیٰ سندھ کے سامنے رکھ کر مسئلہ حل کراؤں گا ۔ وفد نے صوبائی وزیر سید ناصر شاہ سے کہا کہ خصوصی بچوں کو بااختیار بنانے کے ادارے کے چھوٹے ملازمین پچھلے 10 سے 35 برس سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور انہیں جائز حق پروموشن سے محروم رکھا جا رہا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے ۔ انہوں نے درخواست میں استدعا کی کہ خصوصی بچوں کو بااختیار بنانے کے ادارے ڈی ای پی ڈی سندھ کے گریڈ ایک سے 16 تک کے چھوٹے ملازمین کو جلد سے جلد پروموشن اور ٹائم اسکیل دے کر ان کی بے چینی ختم کی جائے ۔