ادارہ امراض قلب ، حاملہ خواتین کیلئے کارڈیک یونٹ کا اعلان

 ادارہ امراض قلب ، حاملہ خواتین کیلئے کارڈیک یونٹ کا اعلان

کراچی (این این آئی،اسٹاف رپورٹر)صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے تیسری بین الاقوامی فیملی پلاننگ سمٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے۔۔

 قومی ادارہ برائے امراض قلب کراچی میں حاملہ خواتین کے لیے کارڈیک یونٹ کے قیام کا اعلان کیا، جس کا مقصد ماں کی اموات کی شرح کو کم کرنا ہے ۔ انہوں نے ایویڈنس بیسڈ ہیلتھ پالیسی، سندھ بھر کے اضلاع کے اسپتالوں میں ماں کی صحت کے شعبے کو بہتر بنانے اور پرائیویٹ اسپتالوں میں سی سیکشن کی شرح میں کمی کے بارے میں بھی بات کی۔ ڈاکٹر پیچوہو نے صوبے میں ماں کی صحت اور تولیدی صحت کے شعبے کو مزید بہتر بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔یہ کانفرنس جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے گائناکالوجی ڈپارٹمنٹ (وارڈ) 9B اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ جس کی قیادت ڈاکٹر نگہت شاہ نے کی۔کانفرنس میں پائیدار تولیدی صحت کے فروغ، سماجی اور جنسی اصولوں میں تبدیلی، مردوں اور نوجوانوں کو خاندانی منصوبہ بندی میں شامل کرنے پر زور دیا گیا، ڈیجیٹل سروسز کے ذریعے خدمات کی فراہمی میں اضافہ، خواتین کو قابل اعتماد حمل روکنے کے طریقوں سے آگاہ کرنا اور پالیسی بنانے کے ذریعے تولیدی صحت کے مستقبل کو محفوظ بنانے پر بات کی گئی۔علاوہ ازیں وزیر صحت نے جے پی ایم سی میں جدید ترین ویسکولر سرجری یونٹ کا افتتاح کیا۔جے پی ایم سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول نے نئے آپریٹنگ تھیٹر کمپلیکس پر بریفنگ دی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں