رہائشی علاقے میں کمرشل سرگرمیاں ختم کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پی ای سی ایچ ایس میں رہائشی علاقے میں اسکول کے قیام کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے ۔۔
کمرشل سرگرمیاں ختم کرنے کا حکم دیا ہے ، اسکول انتظامیہ اور والدین کی درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کردی گئی۔ سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی آئینی بینچ نے کمرشل سرگرمیوں کے خلاف رہائشیوں کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا ہے ۔ عدالت نے کمرشل سرگرمیوں کے خلاف رہائشیوں کی درخواست منظور کرتے ہوئے کمرشل سرگرمیاں ختم کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے اسکول اور طلبا کے والدین کی اسکول سرگرمیاں جاری رکھنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزاروں پر فی کس ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا، عدالت نے اسکول اور 6 درخواست گزار والدین کو ایک ہفتے میں جرمانہ سندھ ہائی کورٹ کے کلینک میں جمع کروانے کا حکم دیا ہے ۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسکول اور والدین نے تسلیم کیا کہ رہائشی علاقے میں کمرشل سرگرمی جاری ہے ، فریقین نے استدعا کی کہ ریگولیرائزیشن یا فیصلے کے ذریعے اسکول کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے ۔ ایس بی سی اے کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف متعدد بار نوٹس جاری کئے گئے ، رہائشی علاقے میں عبوری حکم امتناع کی بنیاد پر اسکول کی سرگرمیاں جاری رہیں۔ رہائشی علاقے میں تعلیمی اداروں سے رہائشی متاثر ہوتے ہیں۔