کرم :غذائی اشیا ء لے جانیوالے قافلے پرحملہ شرمناک ، علامہ شبیر

 کرم :غذائی اشیا ء لے جانیوالے قافلے پرحملہ شرمناک ، علامہ شبیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مرکزی سیکریٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ بگن میں اشیائے خورونوش اور دیگر اشیاء ضروریہ پر مشتمل پاراچنار جانے والے قافلے پر حملہ انتہائی شرمناک ہے۔

 اس غیر انسانی اور بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور صوبائی حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ ریاست اپنی رٹ کب قائم کرے گی ،اندازہ ہے کہ ان بہیمانہ کارروائیوں کے کیا نتائج نکلیں گے ،ملک کو کس خطرناک صورتحال کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ، حکمرانوں کو فوری طورپر اقدامات کرنے چاہیئں،اس سے پہلے کہ حالات قابو سے باہر ہو جائیں ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ائر ایمبولینس کو روک دیا گیا اور ہیلی کاپٹر سروس کو بھی منع کردیا گیا ، اب راشن پر مشتمل سامان کو جلا دیا گیا ،آخر یہ کون لوگ ہیں جو یہ سب کر رہے ہیں اور ریاست بے بس اور مکمل چپ سادھے ہوئے ہے ۔انہوں نے حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث مٹھی بھر دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور راستوں کی بندش کو فی الفور ختم کرتے ہوئے سامان پر مبنی گاڑیوں کو باحفاظت پارا چنار تک پہنچانے کی ذمہ داری ادا کی جائے ۔ علامہ شبیر حسن نے مزید کہا کہ کامیاب گرینڈ قبائلی کے بعد بھی راستوں کا نہ کھلنا سمجھ سے بالا تر ہے ، حکمرانوں کی جانب سے تسلسل سے جاری بے حسی کا رویہ افسوس ناک اور اذیت ناک ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں