خلاف قانون سرگرمیاں کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ،میئر

خلاف قانون سرگرمیاں کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ،میئر

کراچی(این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں ہونے والی سرگرمیوں کو قوانین کے دائرہ کار میں لانے کیلئے ہرممکن قدم اٹھایا جائے گا، کسی کو خلاف قانون سرگرمیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 کراچی کو بہتر بنانے کیلئے متعلقہ بلدیاتی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کرانے کیلئے ہر سطح پر اقدامات جاری رہیں گے ، میئر کراچی نے ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن شفیق شاہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام علاقوں میں بلاامتیاز و تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی دباؤ میں آئے بغیر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جو تعمیرات قوانین اور ایس بی سی اے سے پاس شدہ نقشے کے مطابق ہوں اور تمام چالانوں کی رقم ادا کی ہوئی ہو ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہونی چاہئے ، محکمہ نے جمعرات کو کارروائی کرتے ہوئے گلشن اقبال میں قواعد و ضوابط کے خلاف تعمیرات کو رکوا دیا اور تعمیراتی کام کیلئے استعمال ہونے والا سامان اپنے قبضے میں لے لیا، کراچی کے ہر ضلع میں خلاف قانون کاموں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن کو اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ بلدیاتی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور جو بھی ان قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب ثابت ہو اس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔میئر نے کہا کہ شہر کو بہتر بنانے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں لہٰذا ان معاملات پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں