پاکستانیوں کیلئے اماراتی ویزے پر کوئی پابندی نہیں،قونصل جنرل
سکھر(بیورو رپورٹ)متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیط عتیق الرومیثی نے کہاہے کہ پاکستانیوں کیلئے اماراتی ویزے پر کوئی پابندی نہیں، سیدھا کراچی ویزا آفس سے رابطہ کی جائے ،یو اے ای کے کراچی آفس میں پاکستانیوں کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے سکھر آمد پر ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین سید کمیل حیدرشاہ سے ملاقات اور پل کے افتتاح پر کہی کے دوران کہی، انہوں نے برج العرب کے تعمیراتی منصوبے کا سنگ بنیادرکھا۔اس موقع پر اماراتی قونصل جنرل نے سکھر ڈسٹرکٹ کونسل اراکین کو مفت یواے ای ویزے دینے کا اعلان بھی کیا۔تاریخی لینس ڈاؤن برج کے قریب پل کے افتتاح پر قونصل جنرل کو لینس ڈائون پل کی تاریخی اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اماراتی قونصل جنرل نے لینس ڈاؤن میوزیم کا بھی دورہ کیا اورعلاقے کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔قبل ازیں یواے ای قونصل جنرل نے ضلع کونسل سکھر کے اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ ڈاکٹر بخیط عتیق الرمیتھی نے اپنے خطاب میں تمام کونسل ممبران کو مفت ویزا فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔اس موقع پر یو اے ای اور سکھر انتظامیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین نے طلبہ کے لیے اسکالرشپ اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون کی درخواست کی۔