سرکاری ملازمین کیلئے الیکٹرک گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

سرکاری ملازمین کیلئے الیکٹرک گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے بیکار سرکاری گاڑیاں ایک ماہ کے اندر نیلام کرنے اور کراچی کے سرکاری ملازمین کیلئے ای وی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔

 سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اہم اجلاس سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت میں سندھ سیکریٹریٹ کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، صوبائی وزیر داخلہ و قانون ضیا الحسن لنجار، صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات اور ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری اور مختلف محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمیٹی ممبران نے سرکاری گاڑیوں کی الاٹمنٹ کو ریگولیٹ کرنے کیلئے واضح گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کیں جبکہ اجلاس میں مختلف محکموں کی سیکریٹریز نے سرکاری گاڑیوں سے متعلق دس سالہ رکارڈ پیش کیا۔ سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نیلامی کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل ہونا چاہیے تاکہ وسائل مزید ضائع نہ ہوں اور نئی گاڑیوں کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے ۔ ای وی گاڑیاں خریدنے سے حکومت کو فائدہ ہوگا، پی او ایل کی بچت ہوگی، ان کی نیلامی میں بھی آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی وسائل کے استعمال میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے ، سرکاری گاڑیوں کا غیر مجاز استعمال کرنے والوں کو سختی سے کہتے ہیں کہ حکومتی احکامات کے تحت گاڑیاں واپس کریں ، تمام متعلقہ عہدیدار اور محکمے قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے نئی ہدایات پر عمل کریں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ بیکار گاڑیوں کی نیلامی پر بھی کام جاری ہے ، نیلامی پوری شفافیت کے ساتھ کی جائے گی ۔ سعید غنی نے کہا کہ بیکار گاڑیوں کی بروقت نیلامی بہت اہم ہے ، غیر ضروری اخراجات میں کمی لائی جا سکے گی، جن محکموں کے پاس اضافی گاڑیاں ہیں وہ اپنی ضرورت سے زیادہ گاڑیاں حکومت کو واپس کردیں۔دوسری جانب شرجیل انعام میمن سے غیر ملکی بس مینو فیکچرنگ کمپنی کے حکام نے ملاقات کی۔ملاقات کے موقع پر چینی کمپنی نے سندھ کے سینئر وزیر کو شہری اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے لیے اپنی تیار کردہ جدید ترین بسوں کی رینج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔سندھ کے سینئر وزیر نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو بڑھانے کیلئے ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ بس کمپنی کی طرف سے تیار کی جانے والی بسوں کا معیار اور صلاحیت حوصلہ افزا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے جا رہی ہے ، ٹرانسپورٹ کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہماری ترقی اور جدت کے لیے بہت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسی بین الاقوامی کمپنیوں کیلئے اسٹریٹجک مارکیٹ ہے جو ٹرانسپورٹیشن میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں، سرمایہ کاروں کو حکومت سندھ تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں