دڑو کی بچاری نہر میں فیکٹریوں کے زہریلے پانی سے تباہی

دڑو (رپورٹ:امداد میمن)دڑو کی پجاری کینال میں حیدرآباد کے صنعتی اداروں اور فیکٹریوں کے زہریلے اور گندے پانی نے تباہی مچا دی،جس کے باعث ہزاروں مچھلیاں اور آبی حیات مرگئیں۔
پجاری نہر سے واٹر سپلائی کے تالاب میں بدبودار پانی آنے کی وجہ سے ہزاروں افراد بھی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں،جس پر دڑو کے مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ فوری طور پر پنجاری کینال کی صفائی کرائی جائے اور رہائشیوں،مچھلیوں کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔ تفصیلات کے مطابق دڑو شہر سے گزرنے والی مین پجاری کینال میں حیدرآباد کے صنعتی اداروں نے زہریلا اور بدبودار پانی چھوڑ دیا،نہروں کی سالانہ صفائی کے باعث فراہمی آب معطل ہونے پر زہریلا اور گندا پانی پنجاری نہر میں چھوڑ ا گیا جس کے نتیجے میں پنجاری کینال میں ہزاروں کی تعداد میں مچھلیاں اور دیگر آبی حیات مرگئی ہیں جب کہ دوسری جانب ماہی گیروں نے بدبو دار پانی سے متاثر ہونے والی مچھلیوں کو پکڑکر سستے داموں بیجنا شروع کردیا ہے۔ شہریوں کا کہناہے کہ دڑو کی واٹر سپلائی کے تالاب میں بدبودار پانی آنے سے شہریوں کی بڑی تعداد امراض کا شکار ہورہی ہے ،علاوہ ازیں سماجی رہنماؤں اعجاز اختر میمن، علی رضا کچھی، اسلم سومرو، رشید آزاد سومرو اور دیگر نے بھی احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پجاری کینال میں فیکٹریوں سے خارج ہونے والا زہریلا پانی مچھلیاں اور آبی حیات کو نگل رہاہے ۔سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے مطالبہ کیا کہ زہریلا پانی بند کرکے نہر کی صفائی کرائی جائے۔